تلسی پور؍بلرام پور،15؍فروری (ایس او نیوز؍راست) سب کی آواز ادبی تنظیم کے زیر اہتمام زوم اپلیکیشن کے تحت ایک شام خمار بارہ بنکوی کے نام آل انڈیا تعزیتی مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا، جسکی صدارت مشہور شاعر شاداب انجم نے کی اور نظامت شاعر عمر مختار مرادآبادی نے کی مشاعرہ میں جناب سرفراز حسین فراز مرادآبادی بطور مہمان خصوصی موجود رہے۔
اس موقع پر شعراء نے بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر مرحوم خمار بارہ بنکوی کو دلی خراج عقیدت پیش کی، مشاعرہ کنوینر عطاء اللہ خانصادق نے سبھی مہمانوں اور شعراء کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
ادبی تقریب کی تفصیلی معلومات فراہم کراتے ہوئے مشہور شاعر تنویر ثاقب بلرامپوری نے بتایا کہ مشاعرہ میں شریک شعراء نے عالمی شہرت یافتہ شاعر مرحوم خمار بارہ بنکوی کی خوب تعریفیں کیں تو وہیں سب کی آواز تنظیم کے صدر عطاءاللہ خان صادق نے خمار بارہ بنکوی کی حالات زندگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ خمار بارہ بنکوی ہندوستان کے ایک باکمال شاعر تھے جنہوں نے اپنی ادبی و شعری خدمات سے اپنے ملک کا نام روشن کیا، خمار بارہ بنکوی اپنی شعری خدمات کے ذریعہ لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
مشاعرہ میں پڑھے گئے منتخب اشعار نذر قارئین ہیں،
میں ہوں کسان مجھکو سیاست سے کیا غرض
جو حق مرا ہے حق وہ مرا چاہیے مجھے
عطاء اللہ صادق
کیا سانحہ بتاؤں تمہیں راہ عشق کا
اب یاد مجھکو بھی میری صورت نہیں رہی
عمر مختار مرادآبادی
دو گز کا اک گڑھا بھی بہت ہے میرے لئے
لیکن مکان سب سے بڑا چاہئے مجھے
شاداب انجم
ہر صبح بادلوں سے بھی کہتی ھے یہ زمین
سورج کی جب تپش ہو گھٹا چاہئے مجھے
کاظم شیرازی
کب تک رکھو گے قید مجھے تم مکان میں
انساں ہوں تھوڑی تازہ ہوا چاہئے مجھے
مجاھد لالٹین الہ آبادی
جس نے نبھایا ہی نہیں وعدہ کوئی کبھی
عابد وہ کہ رھا ھے وفا چاہئے مجھے
عابد نواب سہارنپوری
انکے علاوہ مشاعرہ میں شاعر تنویر ثاقب، سالک بستوی، سرفراز مرادآبادی، اسداللہ اسد امواوی، بھی شریک رہے، آخر میں ناظم مشاعرہ کے اعلان کیساتھ مشاعرہ کا اختتام ہوا۔